بنگلورو،23؍جون (ایس او نیوز) کوڑا کرکٹ کے ذخیرہ سے قریب ملے یتیم بچے کی جان بچانے کے لئے اپنا دودھ پلاکر انسانیت کی مثال قائم کرنے والی الیکٹرانک سٹی پولیس تھانے کی خاتون کانسٹیبل ارچناکو مےئر سمپت راج نے آج اپنے دفتر میں اس اقدام کو سراہتے ہوئے تہنیت پیش کی۔ مےئر سمپت راج نے اپنے دفترمیں ارچنا کو ایک تمغہ،ساڑی اور10ہزار روپئے نقد پیش کرتے ہوئے ان کی عزت افزائی اور حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے مےئر نے کہا کہ سڑک کے کنارے پڑے نوزائدہ کو اٹھاکر خودکی اولاد کی طرح جو رویہ اپنایاتھا ، اس کے لئے ارچنا مبارکباد کی مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارچنا تمام خواتین کے لئے ایک نمونہ بنی ہیں۔ مےئر سمپت راج نے کہا کہ ایک پولیس کانسٹیبل کی خدمت انجام دیتے ہوئے انسانیت کی مثال جو قائم کی ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ27؍جولائی کو شہر کے پیالس گراؤنڈمیں منعقد کی جانے والی کیمپے گوڈا جینتی تقریبات کے دوران ارچنا کو کیمپے گوڈا ایوارڈ کے لئے منتخب کیاہے۔ وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کے ہاتھوں انہیں اعزاز سے نوازا جائے گا۔ اس موقع پر کانسٹیبل ارچنا نے مےئر کے ہاتھوں انہیں تہنیت پیش کئے جانے پر مےئر کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ انہوں نے انسانی ہمدردی کے تحت نوزائدہ بچے کی جان بچانے کی کوشش کی تھی لیکن بچہ نہیں بچ سکا جس سے انہیں کافی دکھ پہنچا ہے۔